🌹حجامہ سے متعلق ایک معلوماتی تحریر
🌹ہمارے پیارے اور محبوب نبی حضرت محمدﷺ کی خصوصیات میں سے ایک اہم خصوصیت جامعیت کی ہے۔ حیات انسانی کا کون سا گوشہ ایسا ہے جو آپﷺکی تعلیمات، ہدایات اور ارشادات سے خالی ہو؟ انسانوں کی ہدایت اور ان کی روحانی ترقی وباطنی پاکیزگی کا کام تو آپﷺنے کیا ہی ساتھ ہی دنیوی زندگی میں جسم انسانی کو لاحق ہونے والے عوارض کی اصلاح کے لیے آپﷺنے ایسے ایسے علاج امت کو عطا فرمائے اور علاج کے ایسے رہنما اصول بتائے کہ قدیم زمانہ سے لے کر آج تک تمام حکماء واطباء خواہ وہ مسلمان ہوں یا غیر مسلم، ان کی مدح سرائی میں رطب اللسان نظر آتے ہیں۔ موجودہ زمانے میں سائنس اور بالخصوص میڈیکل کی حیران کن ترقی کے باوجود آپﷺکے بتائے ہوئے طرق ہائے علاج کی افادیت واہمیت سے آج بھی کوئی انکاری نہیں، انہی طریق میں سے ایک طریقہ حجامہ کا ہے۔ حجامہ کے فوائد وفضائل اور اصول کے بارے میں اتنی احادیث وارد ہوئی ہیں کہ انہیں پڑھ کر انسان حیران ہوجاتا ہے۔ ذیل میں مختصراً صرف تین احادیٖث نقل کی جاتی ہے۔
🌹ترجمہ: ’’اور حضرت انسؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺنے فرمایا:
جن چیزوں کو تم دوا علاج کے طور پر اختیار کرتے ہو ان میں بہترین چیز سینگی کھچوانا اور بحری قسط کا استعمال کرنا ہے۔‘‘ (بخاری ومسلم)
🌹’’اور حضرت ابن مسعودؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺنے شب معراج کے واقعات بتاتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ آپﷺملائکہ کی جس جماعت کے پاس سے گزرے اس نے اللہ تعالیٰ کی طرف سے یہ حکم دیا کہ آپﷺاپنی امت کو پچھنے لگوانے کا حکم دیں۔‘‘ (ترمذی وابن ماجہ)
🌹’’اور حضرت ابوہریرہؓ رسول کریمﷺسے نقل کرتے ہیں کہ آپﷺنے فرمایا:
جو شخص ستر ہویں، انیسویں، اور اکیسویں تاریخ کو سینگی کھنچوائے گااس کو ہر بیماری سے شفا ہوتی ہے۔‘‘